(ایجنسیز)
امریکی صدر باراک اوباما نے کہا ہے کہ افغانستان میں خدمات انجام دینے والے فوجی جوانوں پر فخر ہے اور وہ آج اپنے اہلکاروں کو خدمات سرانجام دینے پر خراج تحسین پیش کرنے کیلئے یہاں آئے ہیں۔
اتوار کو غیراعلانیہ دورہ پر افغانستان پہنچنے کے موقع پر بٹگرام ائیربیس پر امریکی فوجیوں سے خطاب کرتے ہوئے امریکی صدر باراک اوباما کا کہنا تھا کہ 2014ء کے بعد افغانستان میں رُکنے والے فوجیوں کی تعداد کا اعلان جلد کردیا جائے گا اور رواں سال ہی فوجی انخلاء کے عمل کو بھی مکمل کرلیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ان کے فوجیوں نے افغانستان میں اپنا کام بہتر طریقے سے انجام دیا ہے اور وہاں طالبان کی کارروائیوں کو بھی روکا ہے اور یہی وجہ ہے کہ حالیہ
افغان صدارتی انتخابات میں عوام نے بغیر کسی خوف کے اپنے حق رائے دہی کو استعمال کیا ہے۔
واضح رہے کہ امریکی صدر باراک اوباما کا افغانستان کا یہ مختصر دورہ غیراعلانیہ اور اچانک تھا جس میں وہ افغان صدر سمیت کسی عہدیدار سے نہیں ملے۔
امریکی صدر (آج) پیر کو میموریل ڈے ریلی میں شریک ہوں گے اور گلوکار بریڈ پیسلے اس موقع پر پرفارم کریں گے۔
امریکی صدر کو اعلیٰ فوجی عہدیدار افغانستان کی تازہ صورتحال پر بریفنگ بھی دیں گے تاہم وہ صدر حامد کرزئی یا کسی دوسرے افغان اعلیٰ فوجی اور حکومتی عہدیدار سے ملاقات نہیں کریں گے۔
امریکی صدر بارک اوباما کا 2012کے بعد یہ افغانستان کا پہلا اور اپنے دو صدارتی ادوار میں چوتھا دورہ ہے۔